منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

کراچی میں 16 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات نے دو بہنوں سمیت 6 افراد کی جان لے لی

14 اپریل, 2026 15:12

شہر میں گزشتہ 16 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس نے سڑکوں کی بدحالی اور ٹریفک قوانین پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

کراچی میں ٹریفک حادثات کی لہر تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور گزشتہ 16 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات نے 6 قیمتی جانیں نگل لی ہیں۔

سب سے افسوسناک واقعہ ناظم آباد نمبر ایک میں سبحان بیکری کے قریب پیش آیا، جہاں ایک بائیس ویلر آئل ٹینکر کی زد میں آ کر دو سگی بہنیں جاں بحق ہو گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں خواتین اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں کہ سڑک پر موجود گڑھے کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی اور دونوں بہنیں ٹینکر کے پچھلے ٹائروں کے نیچے آ گئیں۔

بھائی اس واقعے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا لیکن اپنی بہنوں کو نظروں کے سامنے دم توڑتے دیکھ کر شدید صدمے کی حالت میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں غیر قانونی بیٹنگ اور جوا بازی کے اشتہارات کی بھر مار، شہری انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر گاڑی تھانے منتقل کر دی ہے۔ ڈرائیور کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اس نے موٹر سائیکل کو ٹکر نہیں ماری بلکہ سڑک کی خرابی کے باعث خواتین گر کر ٹائروں تلے آئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال اب تک کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 307 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جبکہ صرف رواں مہینے میں یہ تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کا شہر میں داخلہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں ان کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہیں، لیکن انتظامیہ اس خونی کھیل کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔