کراچی میں کرنسی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام، 170 کروڑ سے زائد ایرانی ریال برآمد

کراچی کی موچکو چیک پوسٹ پر پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران بین الصوبائی کرنسی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 170 کروڑ سے زائد ایرانی ریال برآمد کر لیے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق یہ کارروائی اسنیپ چیکنگ کے دوران عمل میں آئی، جب پولیس نے دو مشکوک گاڑیوں کو تلاشی کے لیے روکا۔
تلاشی کے دوران ایک گاڑی سے تین خواتین اور دو بچوں سمیت آٹھ ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ دوسری گاڑی سے چار ملزمان گرفتار ہوئے۔
ان گاڑیوں سے بھاری مقدار میں ایرانی ریال برآمد ہوئے، جن کی مالیت 170 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے لائسنس یافتہ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ایم پاکس کے مزید مشتبہ کیسز کی رپورٹ
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے بارہ ملزمان کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کمرشل بینک سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کو تحریری طور پر بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس کارروائی کو بین الصوبائی کرنسی اسمگلنگ کے خلاف پولیس کی ایک بڑی اور موثر کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی پولیس کی چوکسی اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف فعال حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










