جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

اسلحہ لائسنس بنوانے والوں کی بڑی مشکل حل ہوگئی

17 اپریل, 2026 09:53

پنجاب میں اسلحہ لائسنس کے خواہشمند شہریوں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل میں بڑی سہولت متعارف کروا دی گئی ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ اب پنجاب اسلحہ لائسنس کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگی۔

ترجمان نادرا کے مطابق درخواست گزار سب سے پہلے پنجاب اسلحہ لائسنس کی آفیشل ویب سائٹ https://pal.nadra.gov.pk

پر اپنی درخواست جمع کروائیں گے۔ اس کے بعد وہ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعے پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر سکیں گے۔ اس طریقے سے وقت کی بچت اور دفاتر میں رش کم ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اسلحہ لائسنسنگ کے نظام میں پہلے ہی بڑی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں۔ نومبر 2025 میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مینوئل اسلحہ لائسنس کے نظام کو بتدریج ختم کرنے اور تمام لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا تھا کہ پرانے دستی لائسنس رکھنے والوں کو کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں منتقل ہونے کا موقع دیا گیا ہے، جبکہ اس عمل سے متعلق پرانی ہدایات کو بھی ختم کر دیا گیا ہے تاکہ نظام کو یکساں بنایا جا سکے۔

مزید یہ کہ صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف جاری کارروائیوں اور ڈی ویپنائزیشن مہم کی پیش رفت پر بھی رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع سے کمپیوٹرائزڈ لائسنسنگ کے عمل کی تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں تاکہ پورے نظام کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔