پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پر امن ملک ہے، ایئر چیف

ایبٹ آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 153ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جہاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر ایئر چیف نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران بارش شروع ہو گئی، تاہم کیڈٹس نے بھرپور جذبے کے ساتھ پریڈ جاری رکھی اور مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر 72ویں انٹگریٹڈ کورس، 15ویں مجاہد کورس اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے اپنی تربیت مکمل کر کے پاس آؤٹ کیا۔ دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 30 کیڈٹس بھی اس تقریب کا حصہ تھے، جن میں سری لنکا، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال کے کیڈٹس شامل تھے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والی لیڈی کیڈٹ نائنی اورملنی بھی نمایاں شرکاء میں شامل رہیں۔ تقریب میں حیدر کمپنی کو بہترین کارکردگی پر پرچم عطا کیا گیا اور قائداعظم بینر سے بھی نوازا گیا۔
کیڈٹ بلال نسیم کو اعزازی شمشیر دی گئی، جبکہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر محمد سعد موسیٰ کو صدارتی طلائی تمغہ دیا گیا۔ کیڈٹ مسعود الرحمان کو چیف آف آرمی اسٹاف مارکس مین ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کیڈٹ حیدر بن عابد کو چیف آف آرمی اسٹاف کین دیا گیا، جبکہ نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئر انڈر آفیسر کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ سارجنٹ پیر محمد عبداللہ شاہ کو بھی چیف آف آرمی اسٹاف کین دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام کیڈٹس نے مادرِ وطن سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے لیڈی کیڈٹس اور دوست ممالک کے کیڈٹس کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور سب کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین عسکری درسگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں سے فارغ ہونے والے افسران کی بنیادی ذمہ داری ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے جہاز گرا کر تاریخ رقم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










