منگل، 21-اپریل،2026
منگل 1447/11/04هـ (21-04-2026م)

پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد ہوشیار!!!

21 اپریل, 2026 08:39

پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔

ملک میں جعلسازوں کا ایک نیٹ ورک سرگرم ہو چکا ہے جو شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر دھوکہ دے رہا ہے۔ کئی افراد سے بھاری رقوم وصول کرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے اس حوالے سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گجرات میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی تیمور چوک کے علاقے محلہ ضیاء الاسلام میں کی گئی۔ گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت نصیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے مختلف ممالک کے جعلی پاسپورٹس اور ویزا اسٹیکرز برآمد ہوئے ہیں۔ ان میں برطانیہ، کینیڈا، اسپین اور بیلجیئم کے پاسپورٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزے بھی ملے ہیں۔

چھاپے کے دوران وہ مشینری بھی برآمد کی گئی جو جعلی دستاویزات بنانے میں استعمال ہوتی تھی۔ اس میں پاسپورٹ لیمینیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین، کینیگرام اسٹیکرز اور دیگر مواد شامل ہے۔ جعلی شناختی کارڈز اور تعلیمی اسناد بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم گزشتہ 7 سے 8 سال سے اس غیر قانونی کام میں ملوث تھا۔ وہ سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور ویزے کا لالچ دے کر بڑی رقم وصول کرتا تھا۔ کئی افراد اس کے جھانسے میں آ چکے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔ کچھ سرکاری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی لیے تحقیقات کو مزید بڑھا دیا گیا ہے تاکہ تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔