بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

لیاری گینگ وار کے اہم کارندے اور بڑے بھتہ خور وصی اللہ لاکھو کے خلاف انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری

22 اپریل, 2026 15:21

کراچی: لیاری گینگ وار کے اہم کارندے اور مبینہ بڑے بھتہ خور وصی اللہ لاکھو کے خلاف انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سندھ پولیس کی طویل کوششوں کے بعد محکمہ داخلہ اور وفاقی حکومت کی وساطت سے یہ اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق وصی اللہ لاکھو قتل، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں سمیت 60 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔ ریڈ وارنٹ میں اسے انتہائی خطرناک اور مفرور ملزم قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 2013 میں کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد وصی اللہ لاکھو ملک سے فرار ہو گیا تھا۔ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی وہ اپنے گروہ کو منظم کرتا رہا اور شہر میں جرائم کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرتا رہا۔

گرفتار ہونے والے بعض کارندوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا تھا کہ بھتہ خوری سے حاصل ہونے والی بڑی رقوم بیرون ملک بھجوائی جاتی رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری افراد کو بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا تھا۔ بھتہ نہ ملنے کی صورت میں جانی نقصان، حملوں اور املاک کو نقصان پہنچانے جیسے واقعات بھی اس کے گروہ سے منسلک رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آج بھی اس کا نیٹ ورک کراچی کے کئی تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے انٹرپول کو ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے باقاعدہ خط لکھا گیا تھا، جس کے بعد بین الاقوامی سیکیورٹی اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وصی اللہ لاکھو کی گرفتاری شہر میں جرائم کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔