پشاور میں جدید ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح، شہریوں کیلئے بڑی سہولت
WebDesk
23 اپریل, 2026 15:11
Big news for those who want to learn driving
پشاور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا گیا، جس سے شہریوں کو ایک ہی جگہ تمام لائسنس سہولیات میسر آئیں گی۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاور میں نئی ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
یہ منصوبہ ون ونڈو آپریشن کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو لائسنس سے متعلق تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔
نئی برانچ کے قیام کے بعد پشاور کے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ ٹیسٹ، فیس جمع کروانے، تصویر کھنچوانے اور دیگر تمام مراحل ایک ہی عمارت میں مکمل ہوں گے۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ لائسنس کے اجرا کے عمل کو آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن قانون کی پاسداری کرنے والے ذمہ دار ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی اور سڑکوں پر ٹریفک سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق نئی ڈیجیٹلائزڈ برانچ شہریوں کا وقت بچانے کے ساتھ ساتھ نظام میں شفافیت اور سہولت کو بھی فروغ دے گی۔