مشرق وسطیٰ میں امن کی امید، اسلام آباد کا ریڈ زون ہائی الرٹ، فریقین کی آمد کا انتظار

ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مکمل طور پر تیار ہے، جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے ساتھ فریقین کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس اہم ترین موقع پر سیکیورٹی کے پیش نظر ریڈ زون کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور حساس مقامات پر اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر کے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر سرکاری دفاتر کو بند رکھا گیا ہے اور صرف وہی اہم ترین دفاتر کھلے ہیں، جن کا تعلق ان مذاکرات یا ہنگامی صورتحال سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران افزودہ یورینیم امریکہ کے حوالے کرے، وائٹ ہاؤس کا نیا مطالبہ
اگرچہ مذاکرات کے آغاز میں کچھ تاخیر کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ سے شہر کے دیگر حصوں میں سیکیورٹی قدرے نرم کر دی گئی ہے، تاہم ریڈ زون میں صورتحال بدستور غیر معمولی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بہتر گھنٹوں کے اندر مذاکرات کے نئے دور کے آغاز کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث اسلام آباد میں انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔
دوسری جانب تہران نے ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی ہے اور اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال ایران کی جانب سے مذاکراتی وفد کی آمد کے حوالے سے کوئی حتمی جواب موصول نہیں ہوا۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ مذاکرات کے باضابطہ آغاز کا فیصلہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے خاتمے جیسے اہم اقدامات کے بعد ہی کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے جمعہ کے روز سے اسلام آباد میں ان مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے، جس کے لیے پاکستان بھرپور میزبانی کے لیے تیار ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










