جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے والے خبردار!!! بڑا اعلان ہو گیا

23 اپریل, 2026 08:23

انسپکٹر جنرل سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ اس مہم کے تحت سیف سٹی کیمروں کی مدد سے قانون توڑنے والوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں یا ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹ کو چھپاتے یا خراب کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس قسم کی حرکتیں قانون کے خلاف ہیں اور اب انہیں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آئی جی سندھ کے مطابق شہر میں نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کے تحت کیمروں کی تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ تاجروں کو بھی اپنی دکانوں اور مارکیٹوں میں کیمرے نصب کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اب تک تقریباً 70 فیصد جرائم کے کیسز حل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ خاص طور پر بھتہ خوری کے واقعات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ بھتہ خور گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بیرون ملک موجود ملزمان کے ریڈ وارنٹ بھی حاصل کر لیے گئے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔