جمعہ، 24-اپریل،2026
جمعہ 1447/11/07هـ (24-04-2026م)

ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ، جنگ بندی اور مذاکرات پر تبادلہ خیال

24 اپریل, 2026 14:59

پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے اہم ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان کی امریکہ-ایران مذاکرات کیلئے سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں ایران نے پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔

اس اہم گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، ممکنہ جنگ بندی اور جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی مشاورت کی۔

اسحاق ڈار نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مسلسل سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات کا راستہ ہی بہترین حل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کے وفود کی آمد غیر یقینی، اسلام آباد میں سیکیورٹی تاحال ہائی الرٹ

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اس موقع پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ان کوششوں کو سراہا، جو تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ رابطوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلتے ہوئے حالات میں دونوں برادر ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رہنا ناگزیر ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف اور صرف مسلسل رابطوں اور عالمی قوانین کے احترام میں پوشیدہ ہے، اور پاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں اپنا مصالحتی کردار ادا کرتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔