پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر میں آپریشن، 22 دہشت گرد جہنم واصل

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے زیرِ اثر فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شرپسندوں کی فائرنگ سے ایک معصوم بچہ شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 21 اپریل کو ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک مشترکہ آپریشن انجام دیا۔
اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پاک فوج کے جوانوں نے انتہائی مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے زیرِ سرپرستی چلنے والے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ہلاک ہونے والے ان خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم کو اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست مسلسل چوتھے سال بھی نہ مل سکی
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے زندہ پکڑے جانے کے خوف اور انتہائی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آکر ایک دس سالہ معصوم بچہ جامِ شہادت نوش کر گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے وژن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر سے غیر ملکی امداد یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور ریاست ایسی کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










