جمعرات، 30-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/13هـ (30-04-2026م)

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی پورٹ سے 180 کلو آئس کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام بنادی

30 اپریل, 2026 10:15

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی بندرگاہ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی پورٹ پر چھاپہ مار کر کیمرون بھیجے جانے والے ایک مشکوک کنٹینر کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران استعمال شدہ کپڑوں کی گانٹھوں کے اندر مہارت سے چھپائی گئی ایک سو اسی کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس، جسے طبی زبان میں میتھ ایمفیٹامین کہا جاتا ہے، برآمد کر لی گئی۔

حکام کے مطابق اسمگلروں نے عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے مالیت کی اس منشیات کو کپڑوں کی آڑ میں چھپا رکھا تھا، تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے، تاہم پورٹ پر کارگو کی مؤثر نگرانی اور خفیہ اطلاع نے اس مذموم منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان سے منشیات کی اسمگلنگ میں 50 فیصد اضافہ ہوگیا، اقوامِ متحدہ کی رپورٹ

اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے، جو پاکستان کے راستے افریقی ممالک تک اپنی جڑیں پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔

منشیات کی برآمدگی کے بعد فورس نے اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث مقامی اور بین الاقوامی سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اس ضمن میں اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔