جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

اسلام آباد کی مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں دھماکے کے پیچھے تین ملکوں کی فنڈنگ اور ٹریننگ کا انکشاف

01 مئی, 2026 14:21

وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کی تفتیش کے دوران دہشت گردوں کے بین الاقوامی روابط اور فنڈنگ کے ثبوت مل گئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چھ فروری کو ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس نے دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کے بین الاقوامی تانے بانے بے نقاب کر دیئے ہیں۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری تفتیش کے مطابق اس خونی واردات میں ملوث نیٹ ورک کے تین مختلف ممالک کے ساتھ براہ راست روابط ثابت ہو گئے ہیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ یہ محض مقامی سطح کی کارروائی نہیں تھی بلکہ اس کی منصوبہ بندی اور معاونت بین الاقوامی سطح پر کی گئی تھی۔

حکام نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گردوں کے اس گروہ کو بعض ممالک کی جانب سے بھاری فنڈز فراہم کیے گئے جبکہ بعض دیگر ممالک میں ان کارندوں کی باقاعدہ تربیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی کیمپوں پر حملہ، دو اہلکار شہید

تفتیشی رپورٹ کے مطابق اس حملے کے لیے جدید ترین مالیاتی ذرائع کا استعمال کیا گیا، جس میں کرپٹو کرنسی اور ٹیرر فنانسنگ کے دیگر پیچیدہ طریقے شامل ہیں۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ جن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں اس بزدلانہ واردات کے پیچھے سرگرم تھیں، ان کا مکمل سراغ لگا لیا گیا ہے اور اس حوالے سے ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

دہشت گردی کے اس بڑے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے اب تک مختلف علاقوں سے چالیس سے زائد مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید اہم گرفتاریوں کی توقع کی جا رہی ہے۔

تفتیشی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اس فنڈنگ کا مقصد پاکستان کے دارالحکومت میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔

واضح رہے کہ یہ المناک واقعہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی کلاں میں پیش آیا تھا، جہاں نماز جمعہ کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں اجتماع کو نشانہ بنایا گیا۔

اس وحشیانہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں بتیس سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، جبکہ سو سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔