پاک فوج نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 13 دہشت گرد ہلاک

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی بڑی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے سرحد پار کرنے کی کوششوں کو انتہائی مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 13 خوارج کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
پہلی کارروائی مہمند کے علاقے میں کی گئی جہاں خوارج کا ایک منظم گروہ سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو گھیرے میں لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
دراندازی کی دوسری کوشش شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر کی گئی، جہاں خوارج نے خفیہ راستوں سے داخل ہونے کی ٹھانی تھی۔
سیکیورٹی فورسز کی مستعدی کے باعث اس گروہ کو بھی شناخت کر لیا گیا اور دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں مزید پانچ خوارج مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : القاعدہ کا افغان طالبان کی حمایت کا اعلان، پاکستان کا مؤقف درست ثابت
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ تمام دہشت گرد سرحد پار سے بھارتی ایما پر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے بھیجے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان شہریوں کے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا راستہ ہر صورت بند ہونا چاہیے۔ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکنہ قدم اٹھانے کا عزم رکھتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












