جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

پیٹرولیم قیمتوں میں ہوشربا اضافہ آئینی عدالت میں چیلنج، 200 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی استدعا

01 مئی, 2026 14:44

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں قیمتوں کو کم کر کے 200 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی آئینی عدالت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف ایک اہم درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں حکومت کے اس اقدام کو غریب دشمن اور آئین کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کر کے انہیں 200 روپے فی لیٹر کی سطح پر مقرر کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں حکومت پاکستان اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک غریب ملک میں جہاں عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا چار سو روپے تک پہنچنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہفتہ وار تیل کا بل 30 کروڑ سے 80 کروڑ ڈالر ہو گیا، جو ملکی معیشت کیلئے چیلنج ہے، وزیر اعظم

درخواست میں حکومت کے ان عذر تراشیوں کو مسترد کر دیا گیا ہے، جن میں عالمی حالات کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جنگ، آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورتحال اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے نام پر قیمتیں بڑھانے کا صرف بہانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت میں ان فیصلوں سے عام آدمی کی زندگی تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو حکم دیا جائے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے ایران جیسے پڑوسی ملک سے رجوع کرے اور خلیجی ممالک سے رعائتی داموں پر تیل حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

قانونی طور پر اس اضافے کو آئینِ پاکستان کے مختلف آرٹیکلز سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں یہ ہوشربا اضافہ آئین کے آرٹیکل 3، 9 اور 14 کی صریح خلاف ورزی ہے، جو شہریوں کے حقوق، وقار اور معاشی تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو بنیادی ضرورت کی اشیاء سستی فراہم کرے نہ کہ عالمی اداروں کے دباؤ یا خطے کی صورتحال کا جواز بنا کر غریب عوام کا جینا محال کر دے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس عوامی اہمیت کے حامل معاملے پر فوری سماعت کر کے حکومت کو سستی توانائی کی فراہمی کا پابند بنایا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔