ہفتہ، 2-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/15هـ (02-05-2026م)
تازہ ترین خبریں

پاک افغان سرحد پر کشیدگی! برطانوی ایلچی کے بیان پر پاکستان کا سخت ردعمل، دراندازی کے حقائق بے نقاب

02 مئی, 2026 15:37

ترجمان دفتر خارجہ نے پاک افغان سرحد سے متعلق برطانوی ایلچی کی سوشل میڈیا پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریمارکس زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتے اور صورتحال کی گہرائی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان سے دراندازی کی کوششیں اعلان کردہ عارضی وقفے کے باوجود مسلسل جاری ہیں، جس سے سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں 52 شہری شہید اور 84 زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں میں افغان طالبان کے ساتھ منسلک عناصر اور پراکسی گروپس بھی شامل ہیں، جو پاکستان کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے ان حالات میں تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم ضرورت پڑنے پر مؤثر جوابی کارروائیاں بھی کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سرحد پار موجود ٹھکانوں اور معاونتی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید کہا گیا کہ دراندازی کی متعدد کوششوں کو بروقت ناکام بنایا گیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کو روکا جا سکا۔

دفتر خارجہ نے افغان حکام کی جانب سے شہری ہلاکتوں کے حوالے سے کیے گئے دعووں کو بھی ناقابل اعتبار قرار دیا اور کہا کہ یہ بیانات زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے غیر ضروری ریمارکس دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کو نظر انداز کرتے ہیں اور ایک متوازن اور معروضی نقطہ نظر پیش نہیں کرتے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔