اتوار، 3-مئی،2026
اتوار 1447/11/16هـ (03-05-2026م)
تازہ ترین خبریں

ضرورت پڑی تو توہینِ عدالت کا سامنا کریں گے لیکن ریڈ لائن پر کام نہیں رکے گا، شرجیل میمن

03 مئی, 2026 14:34

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ریڈ لائن سمیت عوامی مفاد کے منصوبے کسی صورت نہیں رکیں گے اور جولائی کے آخر تک ٹریفک کی جزوی بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنا اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔

شرجیل میمن نے ایئرپورٹ سے براہِ راست منصوبے پر پہنچ کر اپنی سنجیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ اتنا اہم ہے کہ آج وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بھی خود اس کا معائنہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت نے تمام قوانین کی پاسداری کی ہے اور کسی بدنیتی کے بغیر عوامی مفاد میں فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کے الیکٹرک، سوئی گیس اور واٹر بورڈ جیسی یوٹیلیٹیز یونیورسٹی روڈ پر ایک بڑا چیلنج تھیں، جس کی وجہ سے سابقہ کنٹریکٹر کے ساتھ معاملات طے نہ پا سکے اور حکومت نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے کنٹریکٹ ختم کر کے اسے ایف ڈبلیو او کے سپرد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، شاہراہِ بھٹو عید سے قبل کھولنے کا حکم

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جولائی کے آخر تک ٹریفک کو کچھ حد تک بحال کر دیا جائے گا تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔

عدالتی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ سر آنکھوں پر، لیکن عدالتی آرڈر کے باعث ترقیاتی کام نہیں رکے گا، اگر ضرورت پڑی تو توہینِ عدالت کے کیس کا سامنا بھی کریں گے کیونکہ عوامی مفاد مقدم ہے۔

انہوں نے شاہد خاقان عباسی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی سڑکیں بہترین معیار کی ہیں اور وہ خود سابق وزیراعظم کو شاہراہِ بھٹو اور دیگر منصوبوں کا دورہ کروانے کے لیے تیار ہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے منصوبوں کی لاگت بڑھ رہی ہے، لیکن حکومت یلو لائن اور ریڈ لائن جیسے منصوبوں کو ہر صورت مکمل کرے گی کیونکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ناگزیر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔