منگل، 5-مئی،2026
منگل 1447/11/18هـ (05-05-2026م)

لیز پر سرکاری زمین کیسے حاصل کریں؟ اہلیت اور طریقہ کار جان لیں

05 مئی, 2026 10:15

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم” کے نام سے ایک نئے پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 50 ہزار کسانوں کو سرکاری زمین تک رسائی دینے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ وہ زرعی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھا سکیں۔

اس منصوبے کا مقصد بے زمین کسانوں اور کم آمدنی والے افراد کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔ اس اسکیم میں کچھ بنیادی شرائط بھی رکھی گئی ہیں تاکہ صرف مستحق افراد ہی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اہلیت کے مطابق درخواست دینے والا شخص بے زمین ہونا چاہیے یا زیادہ سے زیادہ دس مرلہ رہائشی پلاٹ کا مالک ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ اسی ریونیو ایریا کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے جہاں زمین موجود ہے۔

 ایک خاندان صرف ایک ہی الاٹمنٹ کے لیے اہل ہوگا۔ جو افراد پہلے کسی سرکاری اسکیم کے تحت زمین یا لیز حاصل کر چکے ہیں وہ اس پروگرام میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں کے ملازمین اور ان کے زیر کفالت افراد بھی اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔

درخواست دینے کا طریقہ بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ شیڈول جاری ہونے کے بعد امیدوار آن لائن پورٹل PELRA کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

درخواستوں کی جانچ پڑتال ایک خصوصی کمیٹی کرے گی۔ تمام اہل امیدواروں کی فہرست تیار ہونے کے بعد اسے کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے لیے ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا اور دفاتر میں بھی آویزاں کیا جائے گا۔

انتخاب کا عمل مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے الاٹمنٹ آرڈر جاری کیے جائیں گے اور زمین ان کے حوالے کر دی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔