بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام؛ درخواست دہندگان کیلئے بڑی خبر سامنے آگئی

06 مئی, 2026 10:43

حکومت نے وزیراعظم “اپنا گھر پروگرام” کے تحت ہاؤسنگ سیکٹر میں نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت 5 لاکھ افراد کو ہاؤسنگ لون فراہم کرنے کے ہدف پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک ملٹی چینل نظام متعارف کروانے کی تجویز زیر بحث ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور مالی معاونت سے متعلق اہم فیصلوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری محکموں کے لیے ضمنی گرانٹس اور جاری منصوبوں کی فنڈنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کی نئی حکمت عملی کو خاص طور پر زیر بحث لایا گیا۔ حکام نے 5 لاکھ ہاؤسنگ لون کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مختلف مالی اور انتظامی آپشنز پر غور کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کے لیے بھی اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ اسی طرح نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس اور اسلام آباد کے دانش اسکول کُری کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ یومِ آزادی اور “معرکہ حق” کی تقریبات کے لیے تقریباً 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز پر بھی بات ہوئی۔ ثقافتی سرگرمیوں کے لیے مزید بجٹ مختص کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پالیسی کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے لیے 47 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ اور مختلف وزارتوں کی مالی ضروریات بھی ایجنڈے کا حصہ تھیں۔

مزید یہ کہ جدید پاسپورٹ سسٹم کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی تجویز پیش کی گئی۔ نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی اور گیس کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں توانائی اور صنعتی شعبے کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔