بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت ایک دوسرے کے ماتحت نہیں، فیصلہ جاری

06 مئی, 2026 11:16

سپریم کورٹ نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد دونوں عدالتوں کے دائرہ اختیار کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں عدالتیں ہم پلہ ہیں اور کوئی ایک دوسرے کے ماتحت نہیں ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت ایک دوسرے کے ماتحت نہیں بلکہ یہ دونوں ہم پلہ عدالتیں ہیں۔

آرٹیکل ایک سو نواسی کی تشریح کرتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ یہ آرٹیکل ایک عدالت کو دوسری عدالت کے ماتحت نہیں بناتا، البتہ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے قانونی اصولوں کے حوالے سے دیگر عدالتوں پر لازم ہوں گے۔

فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ آئینی اور غیر آئینی مقدمات کو ایک ساتھ چلانا آئینی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے، اس لیے کلب شدہ آئینی اور ریگولر مقدمات کو الگ الگ فورمز پر بھیجا جانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کینگرو لینڈ میں پاکستانی پرچم بلند، سردار ارسم عباس آسٹریلیا میں بہترین غیر ملکی کیڈٹ قرار

عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام آئینی مقدمات وفاقی آئینی عدالت سنے گی جبکہ ریگولر اور سول نوعیت کے مقدمات بدستور سپریم کورٹ کے پاس رہیں گے۔

ستائیسویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی آئینی عدالت کو خصوصی آئینی دائرہ اختیار حاصل ہو چکا ہے، لہذا ہائیکورٹ کے آرٹیکل ایک سو ننانوے کے تحت دیے گئے آئینی فیصلوں کے خلاف اپیلیں اب وفاقی آئینی عدالت میں منتقل تصور ہوں گی۔

تاہم، کرایہ داری، بعض خاندانی معاملات اور عام سول اپیلوں کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہی رہے گا۔ عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے مشترکہ فیصلے سے متعلق مقدمات کو ڈی کلب کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

توہینِ عدالت کے حوالے سے سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ یہ اختیار عدالت کے وقار اور عملداری سے جڑا ہے، اس لیے جس عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہوگی، توہینِ عدالت کی کارروائی بھی وہیں چلے گی۔

دونوں عدالتوں کو ایک دوسرے کے دائرہ اختیار کا احترام کرنے اور متضاد فیصلوں سے بچنے کے لیے عدالتی احترام کا اصول اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔