بغیر ترپال ڈھانپے ریت مٹی و دیگر بھوسے والی گاڑیوں کا لاہورمیں داخلہ بند کرنے کا فیصلہ

لاہور: شہر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کر لیا۔ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی اور بھوسہ لے جانے والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد فضا میں گرد و غبار کو کم کرنا اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔ اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث فوری عملی اقدامات ناگزیر قرار دیے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جائے گی۔ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو روکا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صرف وہی گاڑیاں شہر میں داخل ہو سکیں گی جو مکمل طور پر ڈھانپی گئی ہوں گی۔ ڈرائیونگ لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ باڈی سے باہر سامان لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر لائسنس کسی بھی گاڑی کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان اقدامات کے ذریعے اسموگ پر قابو پانے اور شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










