معرکہ حق تاریخ کا فیصلہ کن باب ہے، خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے قوم اور مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا دانشمندانہ اور بھرپور جواب دے کر ثابت کیا کہ ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم اپنی قومی تاریخ کے ایک ایسے باب کی یاد منا رہے ہیں، جو جرأت، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی ایک عظیم داستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض کیلنڈر کی کوئی عام تاریخ نہیں ہے، بلکہ یہ اس دن کی یاد دلاتی ہے جب پاکستان کے ہر سپاہی نے ثابت قدمی دکھائی اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی۔
اسحاق ڈار نے مسلح افواج کے بہادر افسران، جوانوں اور قوم کے ان بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کیا، جنہوں نے بے مثال نظم و ضبط اور حوصلے کے ساتھ وطن عزیز کا دفاع یقینی بنایا۔
انہوں نے پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور جب قوم ایک ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادیں نہیں ہلا سکتی۔
گزشتہ سال پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ جب پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے انتہائی تحمل، بصیرت اور اصولی مؤقف کے ساتھ جواب دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ردعمل متوازن، ذمہ دارانہ اور نہایت مؤثر تھا، جو کسی جذباتیت کے بجائے خالصتاً قومی مفاد اور ٹھوس اصولوں پر مبنی تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سرینگر سے بھٹنڈا تک بھارت کو تاریخی سبق سکھایا، ایئر چیف مارشل
اسحاق ڈار کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص صرف ایک عسکری فتح نہیں تھی بلکہ یہ اقوام متحدہ کے منشور کے عین مطابق حق دفاع کا استعمال تھا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز آف پاکستان سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پاکستان نے دشمن کے عسکری اہداف تک محدود رہتے ہوئے ایک فیصلہ کن اور متناسب جواب دیا، جس نے دشمن کے تمام ارادوں کو ملیا میٹ کر دیا۔
نائب وزیر اعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے متعدد بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا اور اہم عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام حقائق ناقابل تردید ہیں اور دستاویزی شکل میں موجود ہیں۔
اسی طرح انہوں نے ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی ہر وقت کی تیاری کو بھی سراہا۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اس نازک وقت میں دفتر خارجہ نے فعال سفارتی رابطہ کاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا قانونی اور ذمہ دارانہ مؤقف پیش کیا، جس سے عالمی برادری میں پاکستان کے محتاط ردعمل کی بہتر انڈرسٹینڈنگ پیدا ہوئی۔
انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مسئلہ جموں و کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل کا پاکستان نہ صرف دفاع بلکہ معیشت اور تعلیم میں بھی مضبوط ہوگا اور نوجوان نسل ملک کی قیادت کرے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










