ہم دشمن کی روایتی یا غیر روایتی، ہر قسم کی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، پاک فوج

ترجمان پاک فوج نے دشمن کو دوٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کی سلامتی پر آنچ آنے کی صورت میں بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، جیسا کہ ماضی میں عملی طور پر ثابت کیا جا چکا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر میڈیا بریفنگ دی۔
اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، جو مسلح افواج کے باہمی اتحاد اور مشترکہ آپریشن کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
ترجمان پاک فوج نے پوری قوم کو معرکہ حق کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ایک سال پہلے پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کا تکبر مٹی میں ملا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ ایسی حقیقت ہے، جس سے ہندوستان کا بچہ بچہ واقف ہے، اگرچہ ان کی قیادت اسے تسلیم کرنے سے کتراتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی پروپیگنڈے پر کاری ضرب لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں ہونے والے واقعے کو بنیاد بنا کر ایک جھوٹا بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی تھی، لیکن وہ آج تک اس حوالے سے کوئی ایک ثبوت بھی عالمی سطح پر پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مکارانہ سیاست کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ خود ساختہ واقعات کے ذریعے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگاتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور وہ پاکستان میں تخریب کاری کروانے میں ملوث رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی افواج کی بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کیا، محسن نقوی
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سیاستدانوں کے بیانات سے ایسا لگتا ہے، جیسے وہ سیاستدان نہیں بلکہ جنگجو ہوں، اور اگر انہیں یہی زبان استعمال کرنی ہے تو پھر وہ بزدلانہ دھمکیاں دینے کے بجائے سامنے آ کر مقابلہ کریں۔
ترجمان پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔
انہوں نے بھارت میں اقلیتوں، کشمیریوں اور منی پور کے شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت مذمت کی اور کہا کہ بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ دنیا کے سامنے جھوٹ بولنے کے بجائے سچائی کا سامنا کرنا سیکھے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی فوج پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ پتہ نہیں کب ’سندور‘ کی نفسیات سے باہر نکلیں گے، انہوں نے مشورہ دیا کہ بھارتی فوج کو چاہیے کہ وہ کوئی مردانہ نام رکھ لے کیونکہ سندور لگانا تو خواتین کا شیوہ ہے۔ ان کا اشارہ بھارتی فوج کے بزدلانہ رویے اور جھوٹے دعوؤں کی طرف تھا۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ افغان طالبان نے دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر ٹھکانے فراہم کر رکھے ہیں اور ان کے نام نہاد وزیر خارجہ اب بھارت سے مدد مانگ رہے ہیں، جو کہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن غضب الحق کے آغاز کے بعد ملک میں دہشت گردی کی لہر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور فتنہ ہندوستان جیسے گروہوں کا اسلام یا بلوچیت سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ لوگ دائرہ اسلام سے خارج ہیں اور ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔
انہوں نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، ہم دشمن کی ہر قسم کی مہم جوئی، چاہے وہ روایتی ہو، غیر روایتی ہو، فضائی ہو، بحری ہو یا سائبر اور معلوماتی جنگ، اس کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ہماری صلاحیتوں پر شک ہے تو وہ یاد رکھے کہ ہم معرکہ حق میں اپنی طاقت کی ایک قسط پہلے ہی دکھا چکے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










