جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

اسحاق ڈار امریکی تحویل میں موجود پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے متحرک

08 مئی, 2026 14:06

اسحاق ڈار نے سنگاپور کے قریب امریکی تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی بحفاظت واپسی کے لیے سنگاپور اور ایران کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے کیے ہیں۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بلکریشنان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

اس گفتگو کا محور سنگاپور کی سمندری حدود کے قریب امریکی حکام کی تحویل میں لیے گئے بحری جہازوں پر موجود پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی سلامتی اور ان کی وطن واپسی کا معاملہ تھا۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے گیارہ پاکستانی اور بیس ایرانی ملاحوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنگاپور حکومت سے بھرپور تعاون کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز میں ایران کی جدید تیز رفتار کشتیاں امریکی بحریہ کیلئے درد سر بن گئیں

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستانی اور ایرانی ملاح اس وقت سنگاپور کے قریب سمندری حدود میں موجود ہیں اور ان کی بحفاظت واپسی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

اس ضمن میں اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی تفصیلی مشاورت کی ہے اور دونوں ممالک اس معاملے پر مسلسل قریبی رابطے میں ہیں۔

پاکستان نے ایران کو یقین دلایا ہے کہ وہ ایرانی شہریوں کی پاکستان کے راستے محفوظ وطن واپسی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔

پاکستانی دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ ادارے اس حساس معاملے پر امریکی حکام اور دیگر فریقوں سے مستقل بنیادوں پر رابطے میں ہیں تاکہ قانونی پیچیدگیوں کو حل کر کے اپنے شہریوں کی جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے سنگاپور کی جانب سے اب تک فراہم کردہ تعاون اور حمایت کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تمام ملاح جلد اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔