جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

خضدار میں مسافر کوچ کو حادثہ، 8 مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی

08 مئی, 2026 09:27

خضدار میں ایم ایٹ روڈ پر مسافر کوچ کو پیش آنے والے خوفناک حادثے میں 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے، امدادی کاموں میں سہولیات کے فقدان کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بلوچستان کے ضلع خضدار میں خاران سے لاڑکانہ جانے والی ایک مسافر کوچ ایم ایٹ شاہراہ پر باریجہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسافروں سے بھری یہ کوچ تیز رفتاری یا دیگر تکنیکی وجوہات کی بنا پر بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : حیدرآباد میں ریلوے پٹری ٹوٹ گئی، ٹرین کے ڈرائیور کی حاضر دماغی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

واقعے کی اطلاع ملتے ہی باریجہ تھانے کی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

پولیس کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں اب تک 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 30 سے زائد مسافر شدید زخمی ہیں۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے باریجہ کے بنیادی مرکز صحت منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ علاقے میں ایمبولینس کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں اور لاشوں کو منتقل کرنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے، جس کی وجہ سے مقامی افراد اور پولیس اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔