جمعرات، 14-مئی،2026
جمعرات 1447/11/27هـ (14-05-2026م)

وزیر اعظم نے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی سے متعلق ہدایات جاری کر دیں

14 مئی, 2026 09:13

وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی سے متعلق ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم یوتھ پروگرام سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ آئندہ مالی سال کے لیے نئے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ حکام نے مختلف تجاویز پیش کیں اور اب تک کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے مواقع دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو بہتر منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت آئی ٹی کو مل کر جامع حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔ اس حکمت عملی میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔ نوجوانوں کو تکنیکی اور فنی تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس سے ان کی ملازمت کے امکانات بہتر ہوں گے۔

اجلاس میں نوجوانوں کے لیے آسان قرضہ اسکیموں کو ایک مربوط نظام کے تحت لانے کی تجویز پر بھی بات ہوئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مختلف قرض پروگراموں کو یکجا کیا جائے۔ اس سے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے میں سہولت ملے گی۔ خاص طور پر متوسط طبقے کے نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

شہباز شریف نے الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے منصوبے پر بھی زور دیا۔ وزارت صنعت کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے اقدامات تیز کیے جائیں۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو سستی اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔