لکی مروت دھماکے میں شہداء کی تعداد 11 ہو گئی

لکی مروت میں ہونے والے المناک دھماکے میں شہداء کی تعداد 11 ہو گئی ہے، جبکہ تاجر برادری نے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے امدادی پیکج کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلع لکی مروت کی تحصیل نورنگ کے بازار میں منگل کے روز ہونے والے دھماکے کے زخم ابھی تازہ ہیں کہ ہلاکتوں کی تعداد 11 تک جا پہنچی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے ایک بزرگ محنت کش فروٹ فروش، مسعود خان، بنوں اسپتال میں دم توڑ گئے۔
اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں فضا سوگوار ہے اور سرائے نورنگ کے تاجروں نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی دکانوں پر کالے جھنڈے لہرا دیئے ہیں۔ تاجر یونین کا کہنا ہے کہ تمام دکاندار بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار
عوامی اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت، بالخصوص وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور مقامی منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ شہداء کے ورثاء کے لیے فی خاندان کم از کم پچاس پچاس لاکھ روپے امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے افراد محنت کش اور دیانتدار کاروباری شخصیات تھیں، جو اپنے خاندانوں کے واحد کفیل تھے۔ ان کی اچانک جدائی نے کئی گھروں کے چراغ گل کر دیے ہیں اور متاثرہ خاندان شدید مالی و ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھے اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











