اتوار، 17-مئی،2026
اتوار 1447/11/30هـ (17-05-2026م)

62 سالہ نظام میں بڑی تبدیلی، سول سرونٹس کیلئے نئے کنڈکٹ رولز جاری

16 مئی, 2026 15:21

وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 نافذ کر دیے ہیں جن کے ذریعے 62 سال پرانا سرکاری ملازمین کا ضابطہ اخلاق تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے قوانین میں اثاثہ جات، مفادات کا ٹکراؤ، سوشل میڈیا سرگرمیاں اور مالی شفافیت کے حوالے سے سخت ہدایات شامل ہیں۔

گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو ہر سال 30 اکتوبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیل ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرانی ہوگی۔ یہ معلومات عوام کے لیے بھی جاری کی جائیں گی تاہم ذاتی حساس معلومات خفیہ رکھی جائیں گی۔ ایف بی آر ان ریٹرنز کی باقاعدہ جانچ کرے گا۔

پہلی بار کرپٹو کرنسی، بینک اکاؤنٹس، شیئرز، سیکیورٹیز، انشورنس پالیسیاں اور 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا زیور ڈیکلئیر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مفادات کے ٹکراؤ کی صورت میں افسران کو اپنے یا خاندان کے ذاتی مفادات ظاہر کرنے ہوں گے تاکہ سرکاری فیصلے متاثر نہ ہوں۔

سوشل میڈیا پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سرکاری ملازمین بغیر اجازت ویب سائٹ، پوڈکاسٹ، بلاگ یا یوٹیوب چینل نہیں چلا سکیں گے اور سرکاری سہولیات کی ذاتی تشہیر بھی ممنوع ہوگی۔

تحائف اور مہمان نوازی کے معاملے میں بھی نئے قوانین سخت ہیں۔ سرکاری ملازمین اور ان کے خاندان غیر متعلقہ افراد، کمپنیوں یا غیر ملکی نمائندوں سے تحائف قبول نہیں کر سکیں گے۔ آمدن سے زیادہ خرچ کرنے اور شادی بیاہ جیسی تقریبات پر غیر معمولی اخراجات پر وضاحت طلب کی جا سکے گی۔

نجی شعبے میں کام کرنے کے لیے پہلے سے اجازت لینی ہوگی اور واپسی پر 3 سال تک سابقہ ادارے سے متعلق کسی بھی سرکاری کام میں حصہ لینا ممنوع ہوگا۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کو بدعنوانی تصور کیا جائے گا اور محکمانہ کارروائی ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔