اتوار، 17-مئی،2026
اتوار 1447/11/30هـ (17-05-2026م)

منشیات فروش گڈی چانڈیو کا شوہر سابق ڈی ایس پی نکلا، حیدرآباد کے پولیس اہلکار بھی ملوث

17 مئی, 2026 15:21

حکام کے مطابق امبرین عرف گڈی چانڈیو کا شوہر خود پولیس کا سابق افسر یعنی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تھا، جبکہ حیدرآباد کے دس موجودہ پولیس اہلکاروں اور افسران کا بھی اس نیٹ ورک سے گہرا رابطہ سامنے آیا ہے۔

کراچی اور حیدرآباد کے تفتیشی حکام کی جانب سے کی جانے والی جے آئی ٹی اور ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا ہے کہ اس پورے منشیات فروش گینگ کی سرپرستی کرنے والی خاتون امبرین کا شوہر کوئی اور نہیں بلکہ خود پولیس کا ایک سابق اعلیٰ افسر ہے، جو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس ریٹائرڈ ڈی ایس پی کے خلاف بھی اب باقاعدہ جانچ پڑتال اور کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نے اپنے عہدے کا استعمال کرتے ہوئے اپنی بیوی کے اس کالے دھندے کو کتنا تحفظ فراہم کیا۔

اس کے علاوہ حیدرآباد رینج کے کم از کم دس حاضر سروس پولیس اہلکاروں اور افسران کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے، جن کے گڈی چانڈیو کے ساتھ مسلسل رابطے، بھتے کی وصولی اور منشیات کی نقل و حمل میں سہولت کاری کے پکے ثبوت مل چکے ہیں۔

تفتیشی حکام نے ملزمہ کے طریقہ واردات کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امبرین عرف گڈی چانڈیو کا سب سے بڑا اور خطرناک نشانہ کراچی اور حیدرآباد کے نامور تعلیمی ادارے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ پولیس نے پنجاب سے ملزمہ پنکی کا تمام کرمنل ریکارڈ مانگ لیا

ملزمہ اپنے قریبی رشتہ داروں کے ذریعے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم نوجوان نسل کو اس زہر کا عادی بنا رہی تھی اور ان تعلیمی اداروں کے اندر ہی منشیات فروخت کی جاتی تھی۔

اس گھناؤنے نیٹ ورک کا سب سے اہم مہرہ ملزمہ کا ایک انتہائی قریبی رشتہ دار ہے، جو خود حیدرآباد کی ایک بڑی یونیورسٹی میں باقاعدہ طالبعلم ہے اور وہ طالب علم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تعلیمی اداروں کے اندر موجود منشیات کے پورے نیٹ ورک کو اکیلا سنبھالتا اور آپریٹ کرتا تھا۔

تفتیشی حکام نے اب تک حیدرآباد رینج میں ملزمہ کے سات انتہائی اہم اور سرگرم کارندوں کی مکمل شناخت کر لی ہے، جو شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کا کام کرتے تھے۔

پولیس اور تفتیشی ٹیموں کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے اس بین الاضلاعی نیٹ ورک کے مزید کارندوں اور سہولت کاروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لیے اسکروٹنی اور چھان بین کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد پولیس کے اندر موجود کالی بھیڑوں سمیت اس پورے گینگ کو بے نقاب کر کے گرفتار کر لیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔