منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ڈرون حملے کی مذمت

18 مئی, 2026 13:56

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پاکستان نے برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے انتہائی قریبی اور برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کے غیور عوام کے ساتھ مکمل طور پر یکجا اور شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی ملک کی شہری جوہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا تمام مسلمہ عالمی قوانین اور عالمی اصولوں کی انتہائی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی حملوں کا خدشہ، یو اے ای نے تیل کی تنصیبات کے گرد اینٹی ڈرون سسٹم نصب کردیا

پاکستان کا مؤقف ہے کہ دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی جنگی یا سیاسی صورتحال ہو، شہری اور سویلین جوہری تنصیبات کو کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے کیونکہ یہ مقامات انسانی بقا سے جڑے ہوتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایسی انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور معاندانہ کارروائیاں نہ صرف خطے کے امن بلکہ عالمی امن اور ماحولیات کے لیے بھی انتہائی ہولناک اور تباہ کن ثابت ہو سکتی ہیں، جن کے اثرات صدیوں تک ختم نہیں ہوتے۔

شہری جوہری انفراسٹرکچر کی حرمت اور اس کا تحفظ ایک مسلمہ عالمی اصول ہے، جس کا احترام کرنا دنیا کے تمام فریقین پر ہر حال میں لازم ہے۔

پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ فریقین سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی لائیں اور خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار، مستقل امن اور استحکام کا واحد اور حتمی راستہ صرف اور صرف باہمی مذاکرات، افہام و تفہیم اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔