تحریک تحفظ آئین پاکستان کا جمعہ کو مہنگائی اور لاقانونیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی و سیاسی صورتحال، بدترین مہنگائی اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے جمعہ کے روز ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ایک انتہائی اہم اور ہنگامی سربراہی اجلاس منعقد ہوا ہے، جس کے بعد ایک تفصیلی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اس اہم اجلاس میں ملکی و خطے کی مجموعی صورتحال اور ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معاشی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر کہا کہ ملک کو موجودہ سنگین بحرانوں سے نکالنے کے لیے صوبوں کے آئینی حقوق کا تحفظ، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کا تسلسل انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملک میں جاری بدترین مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے، لاقانونیت اور سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے جمعہ کے دن ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم ہونے والی جعلی اسمبلی سے کسی بھی قسم کی قانون سازی کرانا سراسر ایک غیر قانونی عمل ہے کیونکہ ملک اس وقت تاریخ کے بدترین بحرانوں کا شکار ہو چکا ہے، اس لیے آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ میں نئی درخواست دائر
شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت گورننس، امن و امان قائم کرنے، مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ملک میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور ٹیکسوں کا سارا بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر ڈال دیا گیا ہے۔
شرکاء نے خبردار کیا کہ آنے والا قومی بجٹ سراسر آئی ایم ایف کا بجٹ ہوگا، جس سے عوام پر مزید معاشی بوجھ بڑھے گا۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف سمیت ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کیے جانے والے غیر آئینی اور غیر قانونی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور بانی پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اعلامیے میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی صحت کے حوالے سے آنے والی حالیہ خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کے اہل خانہ اور سیاسی رفقاء کو فوری طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اجلاس میں صاحبزادہ حامد رضا، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور علی وزیر سمیت تمام قید قیادت کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ وزیرستان میں احمد زئی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر، ساجد ترین، صاحبزادہ حسن رضا، معین قریشی، ملک عامر ڈوگر، حلیم عادل شیخ، علی وڑائچ، سینیٹر مشتاق احمد خان، عمار علی جان اور اخونزادہ حسین نے شرکت کی جبکہ ملک کے سینئر ترین قانون دان چوہدری اعتزاز احسن بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شامل ہوئے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











