حکومت سندھ کا کراچی میں ٹرکوں، ٹرالرز اور ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کیلئے شہر سے باہر جدید ٹرمینل قائم کرنے کا فیصلہ

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ اجلاس میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے لیے شہری ٹرانسپورٹ کے کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
حکومت سندھ نے کراچی میں ٹرکوں، ٹرالرز اور بھاری گاڑیوں کے لیے نادرن بائی پاس پر جدید ہیوی وہیکلز ٹرمینل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ کراچی پورٹ سے نادرن بائی پاس تک ایک خصوصی ہیوی وہیکل ٹریک بھی بنایا جائے گا جس سے شہر کے اندر بھاری ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہوگا۔
ای وی بسوں کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 500 ای وی بسیں خریدنے کا فیصلہ ہوا — 450 بسیں کراچی کے 25 روٹس اور 50 بسیں حیدرآباد کے 5 روٹس پر چلائی جائیں گی۔ ای وی گاڑیوں کے لیے صوبے بھر میں 5 جدید ڈیپوز قائم کیے جائیں گے جن میں 4 کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہوگا۔ ای وی بسوں کے اگلے مرحلے کا آغاز سکھر سے کیا جائے گا۔
کراچی کے لیے 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ہر بس میں 126 مسافروں کی گنجائش ہوگی جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا دباؤ کم ہوگا۔ ای وی ٹیکسی سروس جلد شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس ماہ اس منصوبے کی فنانشل ایویلیوایشن کھولی جائے گی۔
خواتین کے لیے 500 مزید پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کی منظوری دی گئی۔ 22 مئی کو حیدرآباد میں خواتین میں اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ صرف ایک ہزار اسکوٹیز نے ایک سال میں پورے معاشرے کی سوچ بدل دی ہے۔
اجلاس میں حیدرآباد میں مولیٰ علیؑ کے قدم گاہ کے قریب پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ آئندہ تمام ٹریفک سگنلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










