جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

بجٹ کی منظوری کیلئے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت

21 مئی, 2026 15:02

آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے معاملے پر وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے مابین جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں جماعتوں کے مابین مختلف متبادل تجاویز پر سنجیدہ مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے مابین آئندہ مالی سال کے بجٹ 2026-27 کی منظوری کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی نے این ایف سی ایوارڈ میں کسی بھی قسم کی براہِ راست ترمیم کرنے کی بجائے حکومت کو متبادل تجاویز پیش کر دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی دفاعی بجٹ، کسٹمز ڈیوٹی اور فنڈز کی تقسیم کے موجودہ طریقہ کار میں ضروری تبدیلیاں لانے پر بھی رضا مند ہو گئی ہے۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تجاویز پر مبنی ایک تفصیلی ورکنگ پیپر حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات میں زیرِ بحث لایا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی نے تعلیم اور صحت کی اہم وزارتیں دوبارہ وفاق کے دائرہ اختیار میں واپس لانے کے نازک حوالے سے وفاقی حکومت سے سوچ بچار کے لیے کچھ وقت مانگ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور اخراجات میں کمی پر زور

واضح رہے کہ یہ دونوں وزارتیں ماضی میں اٹھارویں ترمیم کے تحت وفاق سے صوبوں کے حوالے کی گئی تھیں اور اب ان کی واپسی پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

مزید برآں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کے معاملے پر بھی دونوں اطراف میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس پروگرام کو صوبوں کے حوالے کیے بغیر فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی متبادل تجاویز پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے تجاویز کو آئندہ بجٹ کا حصہ بنانے پر مکمل آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور وہاں کے عوام کی امداد کے لیے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرنے پر مسلسل زور دے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اٹھائیسویں ترمیم کے حوالے سے بھی وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین پسِ پردہ بات چیت کا سلسلہ سرگرمی سے جاری ہے اور اس سیاسی و آئینی پیش رفت کا باقاعدہ اعلان بجٹ کی حتمی منظوری کے بعد منظرِ عام پر لایا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔