بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا معاملہ، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کردہ اعتراضات کے خلاف قانونی ٹیم نے چیمبر اپیل دائر کر دی۔
بانی پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کئے گئے اعتراضات کے خلاف ایک چیمبر اپیل دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور عدالت میں دستیاب ریکارڈ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔
اپیل میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ کسی بھی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار انتظامی فورم کے پاس نہیں بلکہ یہ خالصتاً ایک عدالتی فورم کا کام ہے، اس لیے رجسٹرار آفس کے اعتراضات قانونی طور پر درست نہیں۔
چیمبر اپیل میں اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے وکالت نامے پر دستخط نہ ہونے کی وجوہات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیل حکام کی جانب سے وکلاء کو دستخط لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وکلاء نے متعدد بار اڈیالہ جیل جا کر قانون کے مطابق دستخط لینے کی بھرپور کوشش کی مگر انہیں بانی تک رسائی فراہم نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور اخراجات میں کمی پر زور
اس کے بعد پاور آف اٹارنی کو باقاعدہ کورئیر سروس کے ذریعے بھی جیل بھجوایا گیا، مگر جیل حکام نے اس معاملے میں کسی قسم کا تعاون نہیں کیا، جس کی وجہ سے وکالت نامے پر براہِ راست دستخط ممکن نہ ہو سکے۔
قانونی ٹیم نے چیمبر اپیل میں مزید واضح کیا ہے کہ اسی سنگین معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک علیحدہ رٹ پٹیشن بھی دائر کی جا چکی ہے اور ان تمام تر رکاوٹوں کے باعث شدید مجبوری کے تحت یہ درخواست اٹارنی کے ذریعے دائر کرنا پڑی۔
اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کا 18 مئی 2026 کا اعتراضاتی حکم نامہ فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست پر باقاعدہ نمبر لگا کر اسے باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
مزید برآں کیس کی حساسیت کے پیش نظر اسے فوری بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











