ہفتہ، 23-مئی،2026
ہفتہ 1447/12/06هـ (23-05-2026م)

وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

23 مئی, 2026 16:33

وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ چینی قیادت اور کاروباری شخصیات سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ ہانگژو پہنچے، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، سیاسی رابطوں کو فروغ دینا اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

وزیراعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ دورے کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن کے امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دورے کے دوران سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان بزنس فورم منعقد کیا جائے گا، جہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی ہوگا۔

وزیراعظم چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف صنعتی و تحقیقی اداروں کا دورہ بھی کریں گے، جن میں چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز شامل ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ہوگی۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔