پیر، 25-مئی،2026
پیر 1447/12/08هـ (25-05-2026م)

بجٹ 2026-27 کیلئے اہم تجاویز؛ تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف اور سپر ٹیکس کے خاتمے کی سفارش

25 مئی, 2026 11:31

اگلے مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ آئندہ ماہ پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے مختلف کاروباری اور صنعتی تنظیموں نے اپنی تجاویز وزارت خزانہ کو ارسال کر دی ہیں۔ ان تجاویز میں خاص طور پر تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے پر زور دیا گیا ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سفارش کی ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے اور موجودہ ٹیکس نظام کو مزید آسان بنایا جائے۔ تنظیم کے مطابق ٹیکس کی زیادہ شرح سے متوسط طبقہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔

تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپر ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے کیونکہ یہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ اس کے علاوہ تنخواہ دار طبقے پر عائد اضافی سرچارج ختم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

کاروباری تنظیم نے نان ٹیکس سلیب کو 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کم آمدن والے افراد کو زیادہ سہولت مل سکے۔ اسی طرح مینوفیکچرنگ سیکٹر اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے لیے بھی ٹیکس شرح میں کمی کی تجاویز دی گئی ہیں۔

برآمدات بڑھانے کے لیے فائنل ٹیکس نظام بحال کرنے اور آئی ٹی شعبے پر ٹیکس پالیسی کو طویل مدت تک برقرار رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو پالیسی میں استحکام مل سکے۔

تنظیم کے نمائندوں کے مطابق اگر یہ اصلاحات نافذ کی جائیں تو ملکی برآمدات اور آئی ٹی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جس سے معیشت کو استحکام مل سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔