پیر، 25-مئی،2026
پیر 1447/12/08هـ (25-05-2026م)

حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے آئی ایم ایف کے دو قرض پروگراموں سے بھی زیادہ رقم اکٹھی کر لی

25 مئی, 2026 12:07

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں گزشتہ دو برس کے دوران عوام سے ریکارڈ سطح پر وصولیاں کی ہیں، جو مجموعی طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے دو قرض پروگراموں سے بھی زیادہ ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 725 ارب روپے وصول کیے گئے۔ یہ رقم آئی ایم ایف کے دو قرض پروگراموں کی مجموعی مالیت 2 ہزار 340 ارب روپے سے بھی زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1 ہزار 220 ارب 21 کروڑ روپے رہی۔ جبکہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران یہ وصولیاں 1 ہزار 205 ارب روپے سے تجاوز کر گئیں۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ اپریل سے جون 2024 کی سہ ماہی میں بھی حکومت نے 299 ارب 63 کروڑ روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کیے۔

معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی حکومتی آمدن کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے، تاہم اس کا براہ راست بوجھ عوام پر پڑتا ہے کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی مجموعی شرح بھی متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی سطح پر مکمل ریلیف نہ ملنے کی ایک بڑی وجہ مختلف ٹیکسز اور لیویز ہیں، جن میں پیٹرولیم لیوی سب سے نمایاں ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔