بدھ، 27-مئی،2026
بدھ 1447/12/10هـ (27-05-2026م)

اب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم کس طرح ملے گی؟ نیا طریقہ سامنے آگیا

27 مئی, 2026 10:15

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحق افراد کے لیے اہم تبدیلی متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت امدادی رقم کی ادائیگی کا طریقہ کار مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔

پروگرام کے تحت پہلے مستحقین کو رقم بی آئی ایس پی سینٹرز یا مخصوص اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے فراہم کی جاتی تھی، تاہم اب حکومت نے اس نظام کو مزید جدید بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے نظام کے تحت بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ قسط کی ادائیگی اب ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ یہ اکاؤنٹ بینظیر موبائل سم کے ساتھ منسلک ہوگا، جس میں مستحق افراد کی امدادی رقم براہ راست منتقل کی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادائیگی کے نظام کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے تاکہ مستحقین کو بغیر کسی رکاوٹ کے ان کی رقم مل سکے۔

بی آئی ایس پی حکام نے تمام رجسٹرڈ افراد سے اپیل کی ہے کہ اگر انہوں نے ابھی تک بینظیر موبائل سم حاصل نہیں کی تو وہ جلد از جلد قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں اور اپنا عمل مکمل کریں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ سم مفت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کے حصول کی آخری تاریخ 15 جون مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس نئے نظام کا بنیادی مقصد کیش لیس ادائیگیوں کو فروغ دینا اور مستحقین کو براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنا ہے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔