ہفتہ، 30-مئی،2026
جمعہ 1447/12/12هـ (29-05-2026م)

کراچی میں موسم گرم اور مرطوب، سندھ کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی

29 مئی, 2026 11:52

کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران موسم مزید سخت رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق 31 مئی 2026 تک سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو اور خیرپور میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ تھرپارکر، حیدرآباد، میرپورخاص اور سانگھڑ میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔ کسانوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور مویشیوں کا خاص خیال رکھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔