ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات سے اپنی سیاست زندہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن

شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جھوٹے الزامات کے سہارے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت کی پریس کانفرنس پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہمیشہ سے بے بنیاد الزامات کے سہارے سیاست کرتی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جماعت کی پوری سیاست کا محور صرف نعرے بازی، جھوٹے الزامات لگانا اور شہر میں بحران پیدا کرنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضے کیخلاف ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس، مزاحمت کا اعلان
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے خود ہمیشہ آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے، جبکہ کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ترقیاتی کام زمینی حقائق ہیں، جنہیں کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے سے چھپایا یا جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہر میں چلنے والی جدید بسیں، شاہراہ بھٹو اور دیگر بڑے سفری منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کو مشورہ دیا کہ اگر کوئی قانونی یا انتظامی مسئلہ ہے تو اس کا حل پریس کانفرنسوں کے بجائے عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے ہونا چاہیے، کیونکہ کراچی کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاشی مرکز ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










