جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

پنجاب کے آئندہ بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل، نیا ٹیکس نہ لگائے جانے کا امکان

01 جون, 2026 10:07

پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ پنجاب کے مطابق بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لگائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم تقریباً 6 ہزار ارب روپے رہنے کا تخمینہ ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور سروسز ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

بجٹ میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صفائی، زراعت، امن و امان اور سستی خوراک کی فراہمی کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بجٹ اجلاس کے تمام سیشنز میں شریک ہوں گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت 450 ارب روپے سے زائد رقم ملنے کا امکان ہے، جبکہ تمام سرکاری محکموں سے آئندہ مالی سال کے لیے تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔

ترقیاتی کاموں کے لیے تقریباً 1500 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اسی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کے برابر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ جون کے دوسرے ہفتے تک پنجاب اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔