اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

بچوں کے ب فارم بنوانے والے والدین کیلئے بڑی خبر آگئی

02 جون, 2026 11:38

پاکستان میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے کے لیے نادرا نے ایک نئی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

 اب اسپتال میں بچے کی پیدائش ہوتے ہی والدین کو موبائل فون پر فوری ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس کے ذریعے پیدائش کی ابتدائی اطلاع فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کی قانونی شناخت کے عمل کو جلد شروع کرنا اور رجسٹریشن میں تاخیر کو کم کرنا ہے۔

نادرا حکام کے مطابق ماضی میں اکثر والدین بچوں کی پیدائش کا اندراج بروقت نہیں کروا پاتے تھے، جس کی وجہ سے بعد میں مختلف سرکاری اور تعلیمی معاملات میں مشکلات پیش آتی تھیں۔ اسی مسئلے کے حل کے لیے نادرا نے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے تعاون سے جدید برتھ نوٹیفکیشن سسٹم متعارف کروایا ہے۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بچے کی قانونی شناخت کا عمل پیدائش کے فوراً بعد شروع ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی اب اسی طرز پر نظام بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نئے سسٹم کے تحت اسپتال میں بچے کی پیدائش کا اندراج ہوتے ہی والدین کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ایس ایم ایس بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ یونین کونسل سے پیدائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہے۔ والدین اسپتال کی جاری کردہ پیدائشی پرچی یا نادرا کی جانب سے موصول ہونے والے برتھ نوٹیفکیشن ایس ایم ایس کی مدد سے یونین کونسل میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد بچے کا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) یا ب فارم بنوانا ضروری ہوگا۔

نادرا کے مطابق پنجاب اور سندھ کے شہری "پاک آئیڈینٹیٹی” ایپ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کے متعدد مراحل آن لائن مکمل کر سکتے ہیں۔ بلوچستان میں اس سہولت کو مرحلہ وار توسیع دی جا رہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں متعلقہ منظوری کا انتظار ہے۔

حکام نے بتایا کہ تین سال سے کم عمر بچوں کے لیے نادرا سینٹر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ رجسٹریشن کے تقاضے تبدیل ہوتے جائیں گے۔ تین سال سے زائد عمر کے بچوں کی تصویر درکار ہوگی جبکہ دس سال کی عمر کے بعد بائیومیٹرک معلومات بھی لازم ہوں گی۔ اٹھارہ سال کی عمر مکمل ہونے پر ب فارم کی مدت ختم ہو جائے گی اور قومی شناختی کارڈ بنوانا ضروری ہوگا۔

نادرا نے یہ بھی واضح کیا کہ جووینائل کارڈ دراصل ب فارم کی کارڈ شکل ہے، جسے بچوں کے لیے آسان شناختی دستاویز کے طور پر متعارف کروایا گیا ہے۔ اس کی قانونی حیثیت بھی ب فارم کے برابر ہے اور اسے مختلف تعلیمی و سرکاری اداروں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔