جمعہ، 12-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

بجٹ اجلاس کا باضابطہ نوٹیفکیشن اب تک جاری نہ ہوسکا، تاخیر کا امکان

02 جون, 2026 15:08

وفاق کا بجٹ اجلاس 5 جون کے بجائے 10 جون کو بلانے پر مشاورت جاری ہے، جس کے باعث بجٹ پیش کرنے میں تاخیر کا امکان ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وفافی بجٹ اجلاس کا باضابطہ نوٹیفکیشن اب تک جاری نہیں ہوسکا ہے۔ اس سے قبل ایوان صدر کی جانب سے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔

تاہم قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک بجٹ اجلاس کی طلبی کے حوالے سے کوئی سرکاری سمن موصول نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : آئندہ وفاقی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 754 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ

قومی اسمبلی کے حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا تب تک اراکین اسمبلی کو اجلاس کے متعلق آگاہ نہیں کیا جاسکتا، تاہم ایوان صدر نے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ شام تک نوٹیفکیشن کے معاملے پر صورتحال واضح کر دی جائے گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے کاموں کی وجہ سے بجٹ پیش کرنے میں تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور بجٹ کو قومی اسمبلی میں ہر صورت 5 جون کو ہی پیش کرنے کا اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو پایا۔

اب بجٹ اجلاس کو 5 جون کے بجائے 10 جون کو بلانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر مشاورت کی جا رہی ہے، جس کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف سے تفصیلی مشاورت مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔