اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

بارشیں ہی بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے بڑی خوشخبری سنادی

02 جون, 2026 12:22

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بارشوں، آندھی اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔

2 جون سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے جبکہ ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

 موسمی تبدیلی کے باعث گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کی توقع ہے، تاہم خراب موسم کے دوران شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع کے لیے خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شدید گرمی کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ بارشوں کے آغاز کے بعد گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے چترال، سوات، اپر اور لوئر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کے ضلعی حکام کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے میں حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، خطرناک مقامات پر بروقت وارننگ جاری کرنے اور مقامی آبادی کو آگاہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق 4 جون کی شام سے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ایسے میں گلیشیئرز کے پگھلنے اور بارش کے پانی کے امتزاج سے فلیش فلڈز کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ دریا کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔