جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

موٹروے اجتماعی زیادتی کیس؛ ملزموں کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج

03 جون, 2026 16:21

لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے اجتماعی زیادتی کیس میں سزا یافتہ مجرموں کی جانب سے دائر اپیلیں خارج کرتے ہوئے دونوں ملزمان کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔ جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلیں مسترد کیں۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 20 مارچ 2021 کو دونوں مجرموں کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر 2020 کو لاہور کے قریب موٹروے پر رات کے وقت دو ملزمان نے ایک خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور واردات کے دوران ڈکیتی بھی کی تھی۔

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہلے ملزم شفقت کو گرفتار کیا جبکہ بعد ازاں دوسرے ملزم عابد ملہی کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو زیادتی کے جرم میں سزائے موت، یرغمال بنانے کے جرم میں عمر قید جبکہ ڈکیتی کے جرم میں 14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

دونوں مجرموں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو 25 مارچ 2021 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، تاہم عدالت نے ان کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے سزائیں برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔