گلگت بلتستان انتخابات، انتخابی مہم کا آخری روز، 24 سیاسی جماعتوں کے 130 امیدوار مدِ مقابل

گلگت بلتستان میں کے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، جہاں 24 حلقوں میں سیاسی جماعتوں اور سینکڑوں آزاد امیدواروں کے درمیان سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے سلسلے میں جاری انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، جس کے باعث تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار اپنے آخری اور فیصلہ کن معرکے کے لیے بھرپور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔
گلگت کے 3 حلقے اس بار سیاست میں انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ حلقہ ایک میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن، استحکام پاکستان پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ متوقع ہے۔
یہاں پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈوکیٹ اور مسلم لیگ ن کے محمد شفیق الدین کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا، جبکہ مجلس وحدت المسلمین کے محمد الیاس صدیقی اور استحکام پاکستان پارٹی کے سلطان رئیس بھی ٹف ٹائم دینے کے لیے میدان میں موجود ہیں۔
حلقہ دو میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان اور پیپلز پارٹی کے جمیل احمد کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے فتح اللہ خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عتیق پیرزادہ بھی کامیابی کے لیے سرگرم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان انتخابات کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری
حلقہ تین میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر محمد اقبال اور پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر آمنے سامنے ہوں گے، جہاں استحکام پاکستان پارٹی کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع اور پاکستان تحریک انصاف و مجلس وحدت المسلمین کے مشترکہ حمایت یافتہ آزاد امیدوار سہیل عباس بھی میدان مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مجموعی طور پر گلگت بلتستان کے 24 انتخابی حلقوں میں 24 سیاسی جماعتوں کے 130 امیدوار ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں، جبکہ 250 کے قریب آزاد امیدوار بھی تمام سیاسی جماعتوں کو سخت ترین مقابلہ دینے کے لیے تیار کھڑے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے الیکشن کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور تمام ریٹرننگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل بھی کامیابی سے پورا کر لیا گیا ہے۔
ان انتخابات میں کل 9 لاکھ 58 ہزار 481 ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان 24 حلقوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 368 پولنگ اسٹیشنز اور 2 ہزار 447 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں تاکہ پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











