ممکنہ احتجاجی صورتحال، سیاحوں کو 5 جون کی شام تک آزاد کشمیر چھوڑنے کی ہدایت

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کے پیش نظر آزاد کشمیر حکومت نے سیاحوں اور مسافروں کے لیے خصوصی سفری ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو دی جانے والی احتجاجی کال کے بعد آزاد کشمیر حکومت نے عوام، سیاحوں اور مسافروں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
حکومت نے ملک بھر سے سیاحت اور دیگر مقاصد کے لیے آزاد کشمیر آنے والے شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ 5 جون سے 20 جون تک آزاد کشمیر کے داخلے اور یہاں کے غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں۔
حکومتی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ ممکنہ احتجاجی صورتحال اور اس کے نتیجے میں عوامی نقل و حرکت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے پیش نظر لوگ آزاد کشمیر آنے سے اجتناب کریں۔
یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ کی بربریت، مسلمانوں کے درجنوں گھر مسمار
اس کے ساتھ ہی ریاست میں پہلے سے موجود سیاحوں اور زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچنے کے لیے 5 جون کی شام تک اپنے علاقوں کو واپس لوٹ جائیں اور ریاست چھوڑ دیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ احتجاجی کال کے باعث ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں پر برے اثرات پڑنے کے خدشات موجود ہیں، اسی لیے عوامی مفاد میں یہ پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
اگرچہ حکومت کی طرف سے کوئی باضابطہ سفری پابندی عائد نہیں کی گئی، لیکن مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
حکومت نے ملک بھر کے سیاحوں کو پیشگی خبردار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آمد و رفت محدود رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











