ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیدیا

06 جون, 2026 10:59

آزاد جموں و کشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسے کالعدم تنظیم قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تنظیم پر انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت پابندی نافذ ہو گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس سے منسلک ناموں کو فرسٹ شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ اقدام دستیاب شواہد اور سیکیورٹی اداروں کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے بعض سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جن کے باعث امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ تنظیم کے اقدامات سے عوام میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہونے کے امکانات موجود تھے، اسی لیے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

حکومتی دستاویزات کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے تنظیم کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی۔ اس کے بعد محکمہ داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ کالعدم قرار دی جانے والی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

محکمہ داخلہ نے اپنے نوٹیفکیشن میں تنظیم کے متبادل ناموں کا بھی ذکر کیا ہے تاکہ کسی دوسرے نام سے سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ ریاست میں امن و استحکام برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے عوامی زندگی متاثر ہو۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی تھی۔ اس سے قبل آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان نے واضح کیا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم قانون ہاتھ میں لینے یا معمولات زندگی معطل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں۔ 38 میں سے 35 مطالبات منظور کیے گئے، اس کے باوجود احتجاج پر اصرار مناسب نہیں۔ امن و امان خراب کرنے یا عوامی مشکلات پیدا کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔