بدھ، 10-جون،2026
منگل 1447/12/23هـ (09-06-2026م)

مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی؛ پانچ مشتبہ افراد گرفتار

09 جون, 2026 15:29

مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر مظفرآباد کے علاقے چہلہ  میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد ہوئے۔

ابتدائی تحقیقات میں ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا مواد سامنے آیا، دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر بڑا اسلحہ ذخیرہ برآمد ہوا، سات خودکار ہتھیار، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملہ منصوبے بھی برآمد کر لیے گئے، ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ بھی ملا، دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے، برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک و تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔

تفتیش کار ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور وسیع نیٹ ورک کی چھان بین کر رہے ہیں، بروقت کارروائی سے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرے سے محفوظ بنایا گیا، ریاستی سلامتی، امن عامہ اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔