بارشوں کا آغاز کب سے ہو گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

When Will Rains Begin? Meteorological Department Forecasts
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ چند دنوں کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج سے 12 جون تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ زیریں علاقوں میں یہ اضافہ 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث کئی شہروں میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جائے گی۔
اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں تک شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اسی دوران اسلام آباد میں 11 اور 12 جون کو بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے جس سے موسم میں وقتی بہتری آ سکتی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی آنے کی امید ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بڑے شہر کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی 11 اور 12 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









